سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر اکرام الحق یسین کی خوبصورت تحریر
آج 17 فروری 2019 بروز اتوار ضلح سرگودہا کی تحصیل شاہ پور صدر کے ایک چھوٹے سے گاؤں بیربل شریف میں منعقد ہونے والے ایک بڑے جلسۂ تقسیمِ انعامات میں شرکت کا موقع ملا. یہ تقریب ادارہ معین الاسلام کے امتیازی نمبر لے کر پاس ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی ماشاءاللہ طلبہ کا نظم و ضبط, فوجی طرز کا استقبال, قومی ترانہ, قطار بندی, مختلف درجات کے طلبہ کی مختلف وردیاں, فضلاء کے گریجویشن گاؤن اور ٹوپیاں ادارے کے سربراہ عالی قدر پروفیسر الحاج محبوب حسین صاحب چشتی اور ان کی ٹیم کے اعلیٰ ذوق اور خلوص و لگن کی واضح علامت تھے. تعلیمی پہلو سے تجوید و قرأت, ادیب عربی, فاضل عربی, درسِ نظامی میں تنظیم المدارس کے تحت ثانویہ سے لے کر عالمیہ تک, عصری تعلیم میں سرگودہا بورڈ کے تحت میٹرک اور ایف-اے سے لے کر لاہور اور سرگودہا کی یونیورسٹیوں میں ایم-اے عربی, ایم-اے اردو, ایم-اے فارسی, ایم-اے پنجابی اور ایم-فل تک کے فضلاء کی ایک خاطر خواہ تعداد انعامات وصول کرنے کے لیے موجود تھے. پروگرام کی انتظامیہ نے بتایا کہ انعامات صرف ان لوگوں کو دیے جا رہے ہیں جنہوں نے اعلیٰ معیار کے نمبر حاصل کیے ہیں ورنہ فضلاء کی تعداد بہت زیادہ ہے. اس خوش گوار سفر اور اعزاز کا سہرا برادرِ عزیز ڈاکٹر ابوبکر بھٹہ کے سر ہے جو اس پروگرام میں نہ صرف دعوت اور شرکت کا ذریعہ بنے بلکہ پروفیسر ڈاکٹر سفیر اعوان, ڈاکٹر قاسم بھٹہ, اسامہ بھٹہ اور دیگر احباب کے ساتھ قافلے کی صورت میں بیربل شریف کے سفر کے ہمراہی بھی ہوئے. اس پروگرام میں پروفیسر ڈاکٹر سفیر اعوان, پنجاب یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر قمر علی زیدی, ڈاکٹر ابوبکر بھٹہ اور دیگر فضلاء کے اہم خطابات سننے کا موقع بھی ملا. حق تو یہ ہے کہ ناظمِ ادارہ پروفیسر(ریٹائرڈ) محبوب حسین چشتی صاحب اس ملک کے گمنام سپاہی ہیں جو انتہائی خاموشی سے دنیا کے ہلے گلے سے دور اپنی دھن میں مگن علم, ملک اور قوم کی خدمت میں مگن ہیں. ان کی انکساری کا مرقع حسنِ خلق سے مزین مہمان نوازی کی دلدادہ شخصیت نے اس موقع کو یادگار بنا دیا. پروفیسر ڈاکٹر اکرام الحق یاسین
0 comments:
Post a Comment
Please Give Us Good Feed Back So that we can do more better for man kind. Your Comments are precious for US. Thank You