رسول اللہ ﷺ کی
خاندانی شرافت وسیادت:
رسول
اللہ ﷺ کا خاندان عرب میں ہمیشہ سے ممتاز و معزز چلا آتا تھا ۔ نضر (یا فہر) کا
لقب قریش تھا۔ اس وجہ سے اس کی اولاد کو قریشی اور خاندان کو قریش کہنے لگے۔ اور
اس سے اوپر والے کنانی کہلائے۔ قریش کی وجہ تسمیہ میں بہت سے مختلف اقوال ہیں جن
کے ایراد کی گنجائش نہیں۔ صحیح بخاری میں
ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ : میں بنی آدم کے بہترین طبقات سے بھیجا
گیا ۔ ایک قرن بعد دوسرے قرن کے یہاں تک
کہ میں اس قرن سے ہوا۔ جس سے کہ ہوا۔ حدیث مسلم میں ہے کہ اللہ تعالی نے حضرت
اسماعیل کی اولاد میں سے کنانہ کی اولاد کو برگزیدہ بنایا اور کنانہ میں سے قریش
کو اور قریش میں سے بنی ہاشم کو اور بنی ہاشم میں سے مجھ کو برگزیدہ بنایا۔ اس طرح
ترمذی شریف کی حدیث میں بہ سند حسن آیا ہے کہ اللہ تعالی نے خلقت کو پیدا کیا تو
مجھ کو ان کے سب سے اچھے گروہ میں بنایا پھر قبیلوں کو چنا تو مجھ کو سب سے اچھے
قبیلے میں بنایا ۔ پھر گھروں کو چنا تو مجھے ان کےسب سے اچھے گھر میں بنایا۔ پس
میں روح و ذات اور اصل کے لحاظ سے ان سب
سے اچھا ہوں کسی نے کیا خوب کہا:
لم یخلق
الرحمن مثل محمد
ابدا و
علمی انہ لا یخلق
ترجمہ: خدا نے حضرت محمد ﷺ کو مثل کبھی پیدا نہیں
کیا اور مجھے علم ہے کہ وہ آپ کا مثل پیدا نہیں کرے گا۔
تولد شریف :
جب
حمل شریف کو چاند کے حساب سے پورے نو مہینےہو گئے تو حضور اقدسﷺ 12 ربیع الاول کو
دوشنبہ کے دن فجر کے وقت کہ ابھی ستارے آسمان پر نظر آ رہے تھے پیدا ہوئے۔ دونوں
ہاتھ زمیں پر رکھے ہوئے۔ سر آسمان کی طرف اٹھائے ہوئے بدن بالکل پاکیزہ اور تیز
بو کستوری کی طرح خوشبو دار ، ختنہ کئے ہوئے ، ناف بریدہ چہرہ چودھویں رات کے چاند
کی طرح چمکدار اور نورانی ۔ آنکھیں قدرت الہی سے سرمگیں ، دونوں شانوں کے درمیاں
مہر نبوت درخشاں آپ کی والدہ نے آپ کے دادا عبد المطلب کو جو اس وقت خانہ کعبہ
کے طواف میں مصروف تھے بلا بھیجا وہ حضرت کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور بیت اللہ
شریف میں لے جا کر آپ کے لیے صدق دل سے دعا کی اور اللہ تعالی کی اس نعمت عظمی کا
شکریہ ادا کیا آپ کے چچا ابو لہب کی لونڈی ثویبہ نے ابو لہب کو تولد شریف کی
خوشخبری دے تو اسی خوشی میں اس نے ثویبہ
کو آزاد کر دیا حضرت جس مہینے میں پیدا ہوئے اس کا نام ربیع تھا اور تھا بھی بہار
کا مہینہ۔
0 comments:
Post a Comment
Please Give Us Good Feed Back So that we can do more better for man kind. Your Comments are precious for US. Thank You